وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر سکیم کا اجراء کر دیا۔ 700بلین روپے کا منصوبہ، پنجاب بھر سے 5 لاکھ درخواستیں موصول
مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر سکیم کی افتتاحی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز ریف نے کہا کہ نوازشریف کا دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، نوازشریف نے میری درخواست کو مانا اور یہاں تشریف لائے، یہ تقریب نوازشریف کے بغیر ادھوری رہتی، نوازشریف نے 1980 کی دہائی میں خواب دیکھا، اپنا گھر اپنی چھت سکیم نوازشریف نے شروع کی تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف مجھے ہدایت کرتے ہیں کہ سارا وقت آپ کی خدمت کیلئے لگائوں، خوابوں کو پورا کرنے کیلئے محنت کرنی نواز شریف سے سیکھی، آج قرض کی قسط دینے جا رہے ہیں، یہ 700 بلین روپے کا منصوبہ ہے، ہم نے اس منصوبے کو چھوٹے لیول سے شروع کیا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت پر لوگوں کا اعتماد ہے، ہمیں اس منصوبے کیلئے پنجاب بھر سے 5 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، 5 لاکھ درخواستوں کو دیکھتے ہوئے 5 لاکھ قرضے دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس منصوبے سے 5 لاکھ گھر بن سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہروں میں 5 مرلے اور دیہاتوں میں 10 مرلے زمین والوں کو قرض دے رہے ہیں، شناختی کارڈ، زمین کا کاغذ دکھائیں اور قرضہ لے جائیں، ہم 15 لاکھ تک کے قرضے دے رہے ہیں، ہم سال میں 1 لاکھ گھروں کیلئے قرضے دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمیں بہت غریب طبقوں سے بھی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، 15 لاکھ قرض لینے پر 9 سال میں قرض ادا کرنا ہوگا، اس قرض سکیم میں کوئی سود نہیں دینا، سکیم کے تحت آج لوگوں کو قرض کی قسط دی جائے گی، ڈیڑھ ماہ کی قلیل مدت میں اس پراجیکٹ کی پہلی قسط دینے جا رہے ہیں۔