اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار عبدالحمید شاہ پمز ہسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا.
پولیس کے مطابق عبدالحمید شاہ 26 نمبر چونگی کے مقام پر مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق شہید عبدالحمید شاہ اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے اور وہ ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، عبدالحمید شاہ نے3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کر کے ریٹائر ہونا تھا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا۔
اسلام آباد میں ڈی چوک پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوئیں، اس دوران پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی جبکہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھرائو بھی کیا گیا، جس کی زد میں آکر کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے پتھرائو سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبد الحمید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کی بلندی درجات کی دعا اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا، اسی سیاسی جماعت نے ماضی میں بھی سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ ہائوس کا گیٹ توڑا تھا۔
وزیراعظم نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شرپسندوں کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ پر تشدد کرنے والے شرپسندوں کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔