ٹیکس چوری کیخلاف جنگ

ایف بی آر کا جعلی انوائسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون شروع

ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے اربوں روپے کی جعلی انوائسنگ کے اسکینڈل میں ملوث عناصر کی گرفتاریاں شروع کر دیں۔
کریک ڈائون کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جعلی و فلائنگ انوائسز میں ملوث گینگ کے سرغنہ کو دھر لیا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے تمام فیلڈ فارمشنز سے اربوں روپے کی ٹیکس چوری کے کیسوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں اور ٹیکس چوری کے جن کیسوں میں جائیدادیں اور ٹریڈ مارک ضبط ہو چکے ہیں ان کیسوں میں ریکوری کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔
اس کے علاوہ جن کیسوں میں ٹیکس چور گرفتار ہیں ان کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں کاسمیٹکس سیکٹر میں ٹیکس چوری کے ایک بڑے کیس میں دو لوگ عرصے سے گرفتار ہیں اور اس کیس میں ضبط کچھ جائیداد کی نیلامی سے اب تک آٹھ کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی جا چکی ہے جبکہ ٹیکس چور کمپنی کا ٹریڈ مارک بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ تاہم لاہور کے ٹیکس حکام کی مبینہ ملی بھگت سے باقی کروڑوں روپے کی ریکوری کیلئے جائیدادوں کی نیلامی رکی ہوئی ہے۔

ایف بی آر نے اب ایسے تمام کیسز جن میں ریکوری کیلئے قانونی تقاضے پورے ہیں لیکن ٹیکس حکام کی مبینہ ملی بھگت سے ٹیکس واجبات کی ریکوری تاخیر کا شکار ہو رہی ہے، ان کیسوں میں ذمہ دار ایف بی آر حکام کا تعین کرتے ہوئے ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے آٹھ رکنی گینگ کے لاہور سے تعلق رکھنے والے سرغنہ کو انٹیلی جنس اداروں کی مدد سے کراچی سے گرفتار کر لیا ہے، جس نے مبینہ طورپر 11 ارب روپے کا سیلز ٹیکس میں فراڈ کیا ہوا ہے۔لاہور، کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے فیک انوائس کی تفصیلات بھی اکٹھی کر لی گئی ہیں۔ فیک انوائسز پر ان پٹ کلیم کرنے والی کئی کمپنیوں سے60 کروڑ روپے کی ریکوری بھی کی جا چکی ہے۔

مرکزی ملزم کی لاہور میں واقع رہائشگاہ سے جعلی مہریں، چیک بکس، لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا ہے۔ ملزم کے کالز ریکارڈ اور نشاندہی پر6 ٹیکس کنسلٹنٹس بھی پکڑے جا چکے ہیں۔ مرکزی ملزم نے 6مارچ2023 کو کمپنی رجسٹرڈ کروائی اور اس کے بعد 55ارب روپے سے زائد کی سپلائی ظاہر کی۔
ایف بی آر نے ٹیکس چوروں سے ریکوری کے معاملے میں حکام کی غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور جہاں بھی ایف بی آر حکام غفلت کے مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں