شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین، بھارت، روس، کرغزستان اور ایران کے وفود کے علاوہ ایس سی او کے 7نمائندے بھی پاکستان پہنچ گئے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، ذرائع کے مطابق بھارت کا 4رکنی سرکاری وفد پاکستان پہنچا جبکہ روس کا 76رکنی وفد بھی اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچ گیا، اس کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 7 نمائندے بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چین کا 15رکنی، کرغزستان کا 4رکنی اور ایران کا دو رکنی وفد بھی اسلام آباد پہنچ گیا ہے، تمام مہمانوں کو سخت سکیورٹی کے حصارمیں ہوٹل پہنچا دیا گیا ہے۔
پاکستان ایس سی او کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے ، اس سلسلے میں وفاقی دار الحکومت کو رنگا رنگ روشنیوں سے سجایا گیا، ایس سی او کا 23 واں اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہو گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز ایس سی او اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں چین، روس، بیلا روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے۔
ایران کے اول نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچیں گے، منگولیا کے وزیراعظم اور چیئرمین کابینہ، ترکمانستان کے وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سائیڈ لائنز پر مختلف عالمی رہنماں سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں معیشت، تجارت اور ماحولیات پر تبادلہ خیال ہو گا، سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
دوسری جانب ایس سی او کانفرنس کے سلسلے میں اسلام آباد میں سکیورٹی کے انتہائی سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کئے گئے ہیں۔