دال ہزاروں سالوں سے ایک اہم ترین غذائی اجناس ہے، دالوں کے فوائد بے شمار ہیں اور یہ پکانے میں بھی بہت آسان ہوتی ہیں۔
انسانی جسم میں دل کی صحت کو فروغ دینے سے لے کر بلڈ پریشر اور شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مختلف قسم کی دالوں کے فوائد بھی مختلف اور منفرد ہیں، جو مجموعی طور پر انسانی صحت کو تندرست رکھنے میں نہایت اہم کرادر ادا کرتی ہیں۔
دالوں کی تمام اقسام جیسے مسور کی دال، صابت مسور، دال چنا، لوبیا اور سیاہ مونگ سمیت ہر دال مختلف قسم کی خصوصیات کی حامل ہے۔ آئیے دالوں کے فوائد کے بارے میں جانتے ہیں جو ان کے استعمال سے حاصل ہو سکتے ہیں۔
پروٹین اور فائبر سے بھرپور
تمام طرح کی دالوں جیسے مسور کی دال، صابت مسور، دال چنا، لوبیا اور سیاہ مونگ وغیرہ میں پروٹین اور فائبر کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے۔
سرخ دال با آسانی ہضم ہو جاتی ہے اور اس میں فائبر کی مقدار بھی کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے نظام ہاضمہ بہتر رہتا ہے اور یہ دال خون میں شوگر کی مقدار بھی متوازن رکھتی ہے۔
کالی رنگت کی دالوں میں خاص طور پر اینتھوسیانین کی مقدار زیادہ پائی جاتی ہے، یہ طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس انسانی خلیوں کو نقصان پہنچنے سے بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
دالوں میں پائی جانے والی پروٹین پٹھوں کی مرمت اور نشوونما کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔
دل کی صحت
دالیں اپنے اندر موجود فائبر، پوٹاشیم اور فولیٹ کی اعلی مقدار کے سبب دل کی صحت میں بھی بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
دال مسور خاص طور پر چکنائی اور خراب کولیسٹرول کو کم کرنے کی اپنی صلاحیت کے باعث دل کے لیے بہت مفید ہے۔
دال میں موجود میگنیشیم خون کی نالیوں کو آرام دیتا ہے اور پورے جسم میں خون کے بہائو اور آکسیجن کو بہتر بناتا ہے، جس کی وجہ سے ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔
اس دال کا باقاعدہ استعمال دل کی بیماریوں کے خطرے کو 22 فیصد تک کم کرتا ہے۔
خون اور شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنا
کم گلیسیمک انڈیکس کی وجہ سے دالیں آہستہ آہستہ توانائی خارج کرتی ہیں جس کی وجہ سے خون میں شوگر کی سطح مستحکم رہتی ہے۔
دال مونگ میں فائبر کی مقدار زیادہ ہونے سے اس کا استعمال خون میں شوگر کی مقدار کو بھی مستحکم رکھتا ہے۔
اسی وجہ سے ذیابطیس کے مریضوں کے لیے بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے دال مونگ ایک اہم غذا سمجھی جاتی ہے۔
دال کو اپنے کھانے میں شامل کرنے سے وزن کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
آئرن سے بھرپور
آئرن خون کے سرخ خلیوں میں ہیموگلوبن کی پیداوار کے لیے ایک اہم جزو ہے، ہیموگلوبن ایسا مادہ ہے جو پورے جسم میں آکسیجن پہنچانے کا کام کرتا ہے۔
مسور کی دال خاص طور پر نان ہیم آئرن سے بھرپور ہونے کی وجہ سے آئرن کی کمی کے خطرے سے دوچار افراد، جیسے حاملہ خواتین، حیض والی خواتین اور سبزی خوروں کے لیے بہترین انتخاب ہوتی ہے۔
ٹماٹر، لیموں یا پھلوں کی طرح کے وٹامن سی سے بھرپور غذائوں کے ساتھ دال کا استعمال آئرن جذب ہونے کے عمل کو بڑھاتا جس کی مدد سے خون کی کمی کو پورا کرنے اور توانائی کی مجموعی سطح کو بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔
ہاضمے کی صحت کو بہتر بنانا
دالیں غذائی فائبر کا ایک بہترین ذریعہ ہیں جو کہ صحت مند نظام انہضام کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
دالوں میں پایا جانے والا ناقابل حل فائبر پاخانے کے عمل میں بہتری لاتا ہے اور آنتوں کی باقاعدہ حرکت کو بھی بہتر بناتا ہے، اس لئے دالوں کا استعمال قبض کو روک کر بڑی آنت کی صحت بہتر بناتا ہے۔
جسم میں توانائی کی سطح برھانا
دالیں کمپلکس کاربوہائیڈریٹ سے بھرپور ہونے کی وجہ سے پائیدار توانائی کا ایک اہم ذریعہ ہوتی ہیں۔
سادہ کاربوہائیڈریٹس کے برعکس دالوں میں موجود کمپلکس کاربوہائیڈریٹ آہستہ آہستہ ٹوٹتے ہیں جس سے خون میں گلوکوز کا مستقل اخراج ہوتا ہے، اس سے نہ صرف توانائی کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ دماغی اور جسمانی طاقت بھی بہتر ہوتی ہے۔
وزن کو کم کرنا
دالوں میں کیلوریز کی مقدار کم جبکہ پروٹینز اور فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اس لئے ان سے وزن کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے مدد ملتی ہے۔ دالوں میں موجود فائبر زیادہ دیر تک بھوک نہ محسوس کرنے میں مدد دیتا ہے۔