چھپکلی اکثر کیڑوں کی تلاش میں ہمارے گھروں میں گھس جاتی ہے، کچن میں عام نظر آتی ہے اور اس سے بہت کراہت محسوس ہوتی ہے۔
ان ناپسندیدہ مہمانوں کو کچن سے دور رکھنے کے لیے کچھ آسان اور قدرتی طریقے موجود ہیں، جو انتہائی کارگر بھی ہیں، چھپکلیوں کو اپنے باورچی خانے سے دور رکھنے کے چند آسان طریقے درج ذیل ہیں۔
انڈے کے چھلکے
استعمال شدہ انڈوں کے چھلکوں کو چھپکلیوں کو دور رکھنے کے لیے استعمال کیا جائے، اس کی وجہ یہ ہے کہ چھپکلی انڈے کے چھلکوں کی بو برداشت نہیں کر پاتی، ان انڈوں کے چھلکوں کو کھڑکیوں، دروازوں یا ایسی کسی بھی جگہ کے قریب رکھیں جہاں آپ کو لگتا ہے کہ یہاں چھپکلی چھپ جاتی ہے۔ انڈوں کے چھلکوں کی تیز خوشبو چھپکلیوں کو وہاں سے فوری بھگا دے گی۔
کھیرے کا استعمال
ہمیں اپنے سلاد میں کھیرے بہت پسند ہوتے ہیں لیکن چھپکلی ان کھیروں سے نفرت کرتی ہے۔ چھپکلی کھیرے کی بو بھی برداشت نہیں کر پاتی، بس ایک کھیرے کو کاٹ کر کچن کائونٹر یا کسی دوسری جگہ پر رکھ دیں۔ یہ سبزی آپ کو ان ناپسندیدہ مہمانوں کو وہاں سے دور رکھنے میں بھرپور مدد دے گی۔
کافی پاڈر
کافی آپ کو اپنے دن کو شروع کرنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے لیکن آپ شائد یہ نہیں جانتے کہ اس سے چھپکلیوں کو دور رکھنے میں بھی مدد ملی ہے؟ آپ کو بس اتنا کرنا ہے کہ کچھ کافی پاڈر پسے ہوئے تمباکو کے ساتھ ملا کر اسے ہر کونے اور چھپکلی کے شکار والی جگہ پر چھڑک دیں۔
لیموں
آپ کو یہ جان کر بہت خوشی ہو گی کہ چھپکلی کھٹے پھلوں کی بو سے نفرت کرتی ہے۔ بس ایک سپرے کی بوتل لیں، کچھ لیموں کا رس پانی میں مکس کریں اور اسے پورے کچن، خاص طور پر گیلے اور سیاہ کونوں پر چھڑک دیں، یہ سپرے نہ صرف قدرتی ریپیلنٹ کے طور پر کام کرتا ہے بلکہ آپ کے کچن کو بھی تازہ کر دے گا۔
لہسن اور لونگ
ان ٹپس سے اب تک آپ کو اندازہ ہو گیا ہو گا کہ چھپکلی تیز بو سے دور بھاگتی ہیں۔ اس لیے اب یہاں لہسن اور لونگ آپ کے بچائو کے لیے آ سکتے ہیں۔ لہسن اور لونگ کی تیز بو ان چھپکلیوں کو کچن سے دور رکھ سکتی ہے۔ لہسن کے چند ٹکڑے یا سوکھے لونگ کھڑکیوں، دروازوں اور کچن کے کائونٹر وغیرہ پر رکھ دیں اس کے بعد آپ کو چھپکلی نظر بھی نہیں آئے گی۔
کچن کو صاف رکھیں
چھپکلیوں کو دور رکھنے کے لیے سب سے بہترین ٹپ یہ ہے کہ آپ اپنے کچن کو ہر وقت صاف ستھرا رکھیں۔ چھپکلی عام طور پر کھانے کے لیے کیڑے تلاش کرتی ہے، اس لیے کچن کائونٹرکو صاف رکھا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ کھانے کے ذرات باقی یہ رہیں کیونکہ اگر کھانے کے ٹکڑے نہیں ہوں گے تو چھپکلی اس جگہ کے ارد گرد نظر بھی نہیں آئے گی۔