اپنی چھت اپنا گھر

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت مکانوں کی تعمیر کا آغاز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز شریف کو بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں مکانوں کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے، اس حوالے سے صرف دو ماہ کی ریکارڈ مدت میں لاہور، قصور اور دیگر اضلاع میں پہلی قسط حاصل کرنے والے افراد نے مکانوں کی تعمیر شروع کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لئے شروع کئے گئے اپنی چھت پروگرام کے قرض کی دوسری قسط کا اجرا شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے اور ہر ضلع میں درخواست گزار کی آسانی کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سپیشل ڈیش بورڈ پر اس تاریخ ساز پروگرام کی مانیٹرنگ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود کیا کریں گی، مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو فیلڈ میں مانیٹرنگ کرنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔

اس اجلاس کے دوران مریم نواز شریف کو بتایا گیا کہ ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لئے پورٹل سے رجوع کیا ہے اور اس پروگرام کے لئے تقریبا پونے 4 لاکھ درخواستیں بھی موصول کی جا چکی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کے لئے اپنی چھت میری اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ کوئی حقدار قرض سے محروم نہ رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں