اسلام آباد: نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، اعلیٰ عدلیہ کے ججز، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور، گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سلیم حیدر، وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
علاوہ ازیں حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے۔
ویب سائٹ پر قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں جسٹس یحییٰ آفریدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا چیف جسٹس بننا انتہائی عزت اور اعزاز کی بات ہے۔
کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا۔ عدل و انصاف کا نظام بہتر ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی ملک ترقی کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی مبارکباد
وزیراعلیٰ سندھ نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔