جوڈیشل کمیشن

جوڈیشل کمیشن کے لئے پارلیمنٹیرینز کے نام سپریم کورٹ کو ارسال

جوڈیشل کمیشن کی رکنیت کے لئے سینیٹ اور قومی اسمبلی سے حکومتی اور اپوزیشن پارلیمنٹیرینز کے نام سپریم کورٹ کو ارسال کئے گئے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینٹر شبلی فراز کی ایڈوائس پر کمیشن کے لیے حکومتی اور اپوزیشن بنچوں سے سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور شبلی فراز کی نامزدگیوں کو رجسٹرار سپریم کورٹ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی سپریم جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ کر پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کر دی ہے۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب کو نامزد کیا گیا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے خاتون کی نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کر دیا ہے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن میں 5 اراکین پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا ہے اور تمام نامزدگیاں سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو بھی بھجوا دی گئی ہیں، پارلیمنٹ سے بھجوائے گئے ناموں میں حکومت اور اپوزیشن کی برابر کی نمائندگی شامل ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس سلسلے میں تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کرنے کے بعد نام بھجوائے ہیں اور اس حوالے سے تمام نامزدگیاں سپریم کورٹ کو موصول بھی ہو گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں