پی آئی اے

پی آئی اے کو بیرون ملک پاکستانی گروپ کی سوا کھرب میں خریدنے کی پیشکش

پی آئی اے کے 250 ارب روپے کے واجبات ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ملازمین کی چھانٹی نہ کرنے کی بھی پیشکش کر دی گئی۔
اس حوالے سے بیرون ملک موجود پاکستانی گروپ النہانگ کی طرف سے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کو سوا کھرب روپے سے زائد میں خریدنے کی پیشکش سامنے آئی ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کو سوا کھرب روپے سے زائد میں خریدنے کے لیے النہانگ گروپ کی طرف سے وفاقی وزیر نجکاری، وزیر ہوا بازی اور وزیر دفاع سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام کو ای میل ارسال کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے النہانگ گروپ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے 250 ارب روپے کے واجبات ادا کرنے کی بھی پیشکش کر دی ہے۔

نجکاری کے حوالے سے النہانگ گروپ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے ملازمین کی چھانٹی نہ کرنے، تنخواہوں میں مرحلہ وار اضافہ کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ النہانگ گروپ کی طرف سے ارسال کی گئی ای میل میں قومی ائیر لائن کے لئے بہترین بزنس پلان سمیت فلیٹ میں جدید طیاروں کی شمولیت کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کو خریدنے کے لئے کی جانے والی پیشکش میں قومی ائیر لائن کو دیگر ائیر لائنز کے لئے انجینئرنگ اور مینٹینس حب بنانے کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری کی سلسلے میں گزشتہ دنوں ہونے والی بولی کے دوران نجکاری کمیشن کی طرف سے کم از کم 85 ارب روپے کی حد رکھی گئی تھی تاہم اس حوالے سے صرف 10 ارب روپے کی بولی سامنے آئی تھی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں