نئی تحقیق کے دوران مچھلی کا تیل استعمال کرنے والے افراد میں بڑی آنت، معدہ، پھیپھڑوں اور دیگر نظام ہاضمہ کے کینسر کی شرح بہت کم پائی گئی۔
اس حوالے سے حال میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں محققین کی جانب سے یہ دعوی کیا گیا ہے کہ مچھلی کے تیل کے سپلیمنٹس میں موجود اومیگا 3 اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈز لوگوں کو کینسر سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
محققین کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ اومیگا 3 کی اعلی سطح کے ساتھ مطالعہ کے شرکا میں بڑی آنت، معدہ، پھیپھڑوں اور دیگر نظام ہاضمہ کے کینسر کی شرح کم پائی گئی ہے۔اسی طرح اومیگا 6 کی اعلی سطح 14 مختلف کینسروں کی شرح کو کم کرنے کا باعث بنی ، جن میں دماغ، میلانوما، مثانہ اور بہت کچھ شامل ہے۔
یونیورسٹی آف جارجیا کے کالج آف پبلک ہیلتھ میں ڈاکٹریٹ کے طالب علم اور سرکردہ محقق یوچن ژانگ کا اس تحقیق کے نتائج کے حوالے سے کہنا ہے کہ ” مچھلی کا تیل استعمال کرنے والے افراد سے حاصل ہونے والے یہ نتائج بتاتے ہیں کہ اوسط فرد کو اپنی خوراک میں ان فیٹی ایسڈز کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ سنگین بیماریوں کو دور بھگایا جا سکے۔
یہ تحقیقاتی مطالعہ یو کے بائیو بینک ریسرچ پروجیکٹ میں 253,000 سے زیادہ شرکا کے ڈیٹا پر انحصار کرتا ہے۔ اس پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر شرکا نے غذائی سوالنامے بھی پر کیے اور پھر اس کے بعد کئی دہائیوں تک ان کی صحت کا مسلسل جائزہ لیا جاتا رہا۔