وٹامن ڈی

وٹامن ڈی کا دوران حمل استعمال بچوں کی ہڈیوں کے لیے انتہائی مفید قرار

ایک نئی تحقیق کے مطابق وہ خواتین جو دوران حمل اضافی وٹامن ڈی کا استعمال کرتی ہیں ان کے بچوں کی سات برس کی عمر تک ہڈیاں مضبوط رہتی ہیں۔

یونیورسٹی آف ساتھمپٹن اور یونیورسٹی ہاسپٹل ساتھمپٹن کی رہنمائی میں حال میں ہی ہونے والی ایک تحقیق کے لیے ہڈیوں کی کثافت کے اسکین لیے گئے جس میں دیکھا گیا کہ ان بچوں کی ہڈیوں میں زیادہ کیلشیئم اور زیادہ معدنیات پائے گئے جس سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور ان کے ٹوٹنے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔

امیریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والے مطالعے میں محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج دوران حمل وٹامن ڈی کے استعمال کی اہمیت پر اجاگر کرتے ہیں کیونکہ اس کا استعمال جسم میں کیلشیئم اور فاسفیٹ کی مقدار کو قابو میں رکھتا ہے اور یہ معدنیات ہڈیوں، دانتوں اور پٹھوں کی صحت کے لیے اہم ہوتے ہیں۔

میٹرنل وٹامن ڈی او سٹوپو روسِس، نام کی ایک تحقیق شروع کی گئی ہے جس میں ساتھمپٹن، آکسفورڈ اور شیفیلڈ سے 1000 سے زیادہ خواتین کا انتخاب کیا گیا۔اور حمل کے دوران خواتین کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو روزانہ وٹامن ڈی کے 1000 انٹرنیشنل یونٹس اضافی فراہم کئے گئے جبکہ دوسرے گروپ کو ایک فرضی دوا فراہم کی گئی۔

یونیورسٹی آف ساتھمپٹن کے ترجمان کے مطابق اس تحقیق کے نتائج نے اس بات کی تصدیق کر دی کہ وٹامن ڈی کے مثبت اثرات بچوں کی ہڈیوں پر چار اور چھ برس کی عمر اور سات برس کی عمر میں ایک جیسے ہی پائے گئے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں