پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم کو 8وکٹوں سے تاریخ ساز شکست دے کر ون ڈے سیریز 1-2 سے جیت لی۔
پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلوی ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بنا کر آل آئوٹ ہو گئی، آسٹریلوی اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی لیکن 20 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بن گئے۔
آرون ہارڈی 12 اور کپتان جوش انگلس 7، مارکس اسٹوئنس 8، ایڈم زمپا 13 گلین میکسویل صفر پر آئوٹ ہو گئے۔ اوپنر میٹ شارٹ 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی 7 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہیں آئے۔
8ویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کی پارٹنرشپ کے دوران شان ایبٹ 22 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔پاکستانی بائولر نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 حارث رئوف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل لی۔
پاکستانی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز بنائے، عبداللہ 37 اور صائم ایوب 42 رنز بناکر پولین لوٹ گئے، بابراعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بنا کر میچ جتوانے میں کامیاب رہے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔
آسٹریلوی بائولر لانس مورس نے پاکستان کی دونوں وکٹیں حاصل کیں، دوسرا کوئی بائولر وکٹ حاصل نہ کر سکا۔
قبل ازیں قومی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں فتح کیساتھ سیریز جیت کر دورے کو یادگار بنائیں گے۔
آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کا کہنا تھا کہ میچ میں فتح یقینی بنا کر سیریز اپنے نام کریں گے، پلئینگ الیون میں5تبدیلیاں کرتے ہوئے کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، لانس مورس، شان ایبٹ اور اسپینسر جانسن کو شامل کیا گیا۔
پاکستانی اسکواڈ میں کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رئوف اور محمد حسنین جبکہ آسٹریلوی اسکواڈ میں کپتان جوش انگلس، میٹ شارٹ، جیک فریزر، آرون ہارڈی، کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، گلین میکسویل، شان ایبٹ، ایڈم زمپا، اسپینسر جانسن اور لانس مورس شامل تھے۔