لاہور: پنجاب میں شدید دُھند کے باعث موٹرویز بند، فلائٹ آپریشن متاثر
پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی شدید دُھند کا راج برقرار ہے، حد نگاہ صفر ہونے کے باعث مختلف مقامات پر موٹر ویز کو بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر ویز پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹر وے ایم 5 ملتان سے سکھر تک اور لاہور سیالکوٹ سیکشن بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
موٹر وے حکام نے اسموگ کے باعث ایم 2 لاہور سے بھیرہ تک، ایم 3 کو لاہور سے درخانہ تک اور ایم 4 ملتان سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دی گئی ہیں۔
شدید دُھند کے باعث پنجاب میں فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، ملتان کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر ملک بھر میں 34 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں ہیں، جن میں ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں۔
دبئی/ملتان کی نجی ایئر لائن ایئر بلیو کی پرواز پی اے 811 کراچی میں اتارلی گئی، موسم سازگار ہونے پر پرواز کوملتان روانہ کردیا جائے گا۔
کراچی ملتان کی پرواز پی کے 330 کو لاہور اتارا گیا جبکہ کراچی اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 آج بھی تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی فیصل اباد کی پرواز 340 کی روانگی میں بھی تاخیر کردی گئی ہے، اسلام اباد سے کراچی کی پرواز پی کے 301 3 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوگی۔
آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی:
پنجاب کے چار اضلاع میں آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی۔
ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفیکشن جاری کردیا جس کے مطابق لاہور فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی۔
چاروں ڈویژنز میں آوٹ ڈور فیسٹیولز، کنسرٹس پر بھی پابندی لگادی گئی۔ نوٹیفیکشن میں کہا گیا کہ تمام شاپنگ مالز، دوکانیں، ریسٹورینٹس جلدی بند کیے جائیں گے، ریسٹورینٹس کی آوٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
فارمیسز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز اور بیکریوں کو اس پابندی سے استثنی حاصل ہوگا۔ بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اپنے گروسری کے شعبے کھول سکیں گے۔
فیصلے کا اطلاق 11 نومبر سے 17 نومبر تک رہے گا۔ ڈی جی محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے اسموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔