پاک چین تعلقات

پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کیلئے چین کا بڑا پیغام

پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے، دونوں دوست ممالک کے مابین باہمی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی، چینی وزارت خارجہ

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو کمزور کرنے کیلئے کی جانے والی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔

چینی ترجمان کے مطابق چین انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی ہرممکن حمایت جاری رکھے گا اور بیرون ملک چینی شہریوں کی سرگرمیوں اور اداروں کی سلامتی کی ثابت قدمی کے ساتھ حفاظت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنے والی تمام سازشوں کو ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم بھی رکھتے اور صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

لین جیان نے اپنی پریس بریفنگ کے دوران مزید کہا کہ دونوں دوست ممالک چین اور پاکستان سدا بہار سٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہو گی۔

چین پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی حمایت کر رہا ہے اور اسے جاری رکھے گا، دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون مضبوطی سے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو اس کے بھرپور فوائد پہنچائے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں