صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں دہشت گردی کی واردات اخون ڈھیری کے علاقہ میں ہوئی، تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
پولیس حکام کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں دہشت گردی اخون ڈھیری کے علاقہ میں کی گئی جہاں پولیس وین کے قریب خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تاہم دھماکے سے پولیس اہلکار اور وین مکمل طور پر محفوظ رہی۔
پولیس حکام کے مطابق خودکش دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، رش نہ ہونے کے باعث دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، خودکش بمبار نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا،
پولیس اور سکیورٹی اداروں کی طرف سے چارسدہ میں دہشت گردی کے واقعہ سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ( ڈی پی او ) چارسدہ کے مطابق ہلاک ہونے والے مشتبہ ملزم کی جیب سے شناختی کارڈ اور پیسے ملے ہیں، ہلاک ملزم سے اوورسیز پاکستانی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے، ملزم سے متعلق مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا خودکش بمبار ہے یا سہولت کار اس پر بھی کام کر رہے ہیں۔ تفتیش کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔