پی ٹی آئی احتجاج

پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کیلئے اہم شہروں کے داخلی راستے بند، پولیس بھی تعینات

حکومت نے پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کرتے ہوئے اسلام آباد اور لاہور کے تمام داخلی راستے کنٹینرز لگا کر بلاک کر دئیے۔
اسلام آباد میں ایکسپریس وے، ڈی چوک، زیرو پوائنٹ پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے، میٹرو بس سروس اسلام آباد میں آئی جے پی تا پاک سیکرٹریٹ تک بند رہے گی جبکہ جڑواں شہروں میں کل میٹرو بس سروس مکمل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر تمام بس اڈے بھی بند کردیئے گئے، راولپنڈی میں بھی تمام انٹر سٹی ٹرانسپورٹ اڈے تاحکم ثانی بند، مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی 30 ہزار اضافی نفری اسلام آباد پہنچ گئی۔

اس سلسلے میں پنجاب سے 19 ہزار، سندھ سے 5 ہزار پولیس نفری کی شہر اقتدار آمد ہوئی جبکہ آزاد کشمیر سے ایک ہزار، 5 ہزار ایف سی اہلکار بھی اسلام آباد پہنچ گئے۔ تمام نفری امن و امان کی صورتحال میں اسلام آباد پولیس کی معاونت کیلئے طلب کی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ موٹروے تا حکم ثانی 8 مقامات سے بند کردی گئی ہے، اس سلسلے میں حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور تا اسلام آباد اور لاہور تا اسلام آباد موٹروے بند ہو گی۔ لاہور تا عبدالحکیم M-3 ،M-4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور M-11 سیالکوٹ سے لاہور تک بند رہے گی۔

علاوہ ازیں حکومت پنجاب نے 3 روز کیلئے صوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی ہے، اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
حکومت پنجاب نے صوبے میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے، پابندی کا اطلاق ہفتہ 23 نومبر سے سوموار 25 نومبر تک رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں