ایلون مسک

ایلون مسک نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا، مجموعی دولت 348 ارب ڈالرز تک جا پہنچی

ٹرمپ کی کامیابی سے ایلون مسک کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا، وہ دنیا کے واحد شخص ہیں جن کی دولت نے 300 ارب ڈالرز کے ہندسے کو عبور کیا ہے۔

ایلون مسک نے ایک بار پھر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے، اس وقت ان کی دولت ریکارڈ 348 ارب ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔ ان کی دولت میں یہ ریکارڈ اضافہ ان کی کمپنی ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں ہونے والے نمایاں اضافہ سے سامنے آیا ہے۔ قبل ازیں نومبر 2021 میں ان کی دولت 340 ارب ڈالرز تک پہنچی تھی جو اس وقت بھی ایک ریکارڈ تھی۔

حال میں ہونے والے امریکا کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد سے مسک کی دولت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 53 سالہ مسک ابھی تک دنیا کے وہ واحد شخص ہیں جن کی دولت نے 300 ارب ڈالرز کے ہندسے کو عبور کیا ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ وہ ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور اس وقت ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص کے ساتھ ہی منسلک ہے۔ ستمبر 2024 میں سامنے آنے والی انفارما کنکٹ اکیڈمی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اس وقت مسک کی دولت میں سالانہ 110 فیصد کی اوسط سے مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف بھی کیا گیا تھا کہ اگر ان کی دولت میں اضافے کا یہ سلسلہ برقرار رہا تو وہ 2027 میں ٹریلین ائیر یا ایک ہزار ارب ڈالرز کے مالک دنیا کے پہلے فرد ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں