اسرائیلی فورسز

اسرائیلی فورسز کے غزہ میں مظالم کم نہ ہوئے، تازہ حملوں میں مزید 38 فلسطینی شہید

غاصب اسرائیلی فورسز کے غزہ کے مسلمانوں پر وحشیانہ حملے مسلسل جاری ہیں، جن میں مساجد اور پناہ گزین کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فورسز کے تازہ وحشیانہ حملوں کے دوران نصیرات پناہ گزین کیمپ میں مسجد پر بمباری سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بوریج مہاجر کیمپ میں 4 فلسطینی اور مغازی مہاجر کیمپ میں 1 شخص اسرائیلی بمباری کے نتیجہ میں شہید ہو گیا، رفاہ کے پناہ گزین کیمپوں پر بھی ڈرون حملوں سے متعدد افراد شہید ہو گئے۔

غزہ پر اسرائیلی بربریت سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 44 ہزار 211 ہو چکی ہے جبکہ 1 لاکھ 4 ہزار 567 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ غاصب اسرائیل کی طرف سے شجاعیہ میں انخلا کے نئے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں، جس کے نتیجہ میں مزید سینکڑوں فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ دنوں غزہ پر اسرائیلی بمباری میں حماس کی قید میں موجود صہیونی یرغمالی خاتون بھی ہلاک ہو گئی تھی، اس حوالے سے القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ہلاک ہونے والی خاتون کو دوسری یرغمالی خاتون کے ساتھ رکھا گیا تھا، کئی ہفتوں کے وقفے کے بعد خاتون کے ساتھ موجود جنگجووں سے رابطہ بحال ہوا جس میں معلوم ہوا ہے کہ یرغمالی خاتون اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہو چکی ہے۔

بیان میں یرغمالی کی مزید شناخت نہیں کی گئی جبکہ اس حوالے سے اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ حماس کے دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکتے، فوٹیج جاری ہونے پر معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اسرائیل پر حملے میں حماس نے 251 اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا جن میں سے 97 اب بھی غزہ میں قید جبکہ 34 ہلاک ہو گئے ہیں۔

گزشتہ سال نومبر میں ہونے والی ایک ہفتے کی جنگ بندی کے دوران 105 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا تھا جن میں 80 اسرائیلیوں کو 240 فلسطینی قیدیوں کے بدلے رہا کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں