پی ٹی آئی قافلہ

پی ٹی آئی قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا، فوج نے کنٹرول سنبھال لیا، پولیس کی شیلنگ

بشری بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی قافلہ زیرو پوائنٹ سے جناح ایونیو کی طرف رواں دواں، علاقے کا کنٹرول پاک فوج نے سنبھال لیا ہے۔

پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ اور کارکنان کی طرف سے پتھرائو کا سلسلہ بھی جاری ہے، بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کے لیے متبادل مقام پر جانے کی تجویز دی تھی، جس پر بشری بی بی نے انکار کر دیا تھا۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے آبپارہ مارکیٹ اور سپر مارکیٹ بند کرواتے ہوئے خیابان سہروردی سے آبپارہ تک سڑکوں سے گاڑیاں بھی ہٹوا دیں۔ ڈی چوک سے ملحقہ بلیو ایریا میں بھی دکانیں اور سروس روڈ سے گاڑیاں ہٹوا دی گئی ہیں۔

ڈی چوک کے اطراف میں لگائے گئے کنٹینرز کے اوپر بھی پاک فوج کے اہلکاروں نے پوزیشن سنبھال لیں جبکہ میڈیا ٹیمز اور ڈی ایس این جیز کو ڈی چوک سے نکال دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ مساجد سے اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ احتجاج سب کا حق ہے، توڑ پھوڑ نہ کریں اور لوگوں کو نقصان نہ پہنچائیں، پرامن رہیں، قانون کو ہاتھ میں لینے پر کارروائی ہو گی۔

پی ٹی آئی قافلہ میں شامل کارکنوں اور پولیس میں اسلام آباد میں تصادم جاری ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان زیرو پوائنٹ پہنچ گئے جبکہ اسلام آباد کی اہم عمارتوں پر رینجرز جبکہ ڈی چوک میں فوجی دستے تعینات ہیں۔ کارکنان پر کی جانے والی آنسو گیس کی شیلنگ کے اثرات آبپارہ چوک پہنچنے پر آبپارہ مارکیٹ بند کر دی گئی۔

حالات کشیدہ ہونے پر راولپنڈی پولیس سے مزید نفری طلب کر لی گئی جس کے بعد ابتدائی طور پر ایک ہزار پولیس اہلکار اسلام آباد روانہ ہو گئے۔مظاہرین سے نمٹنے کے لیے رینجرز کی تازہ نفری بھی روانہ کی گئی، نفری کو ڈی چوک سے چائنہ چوک کی جانب روانہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں