اسمارٹ فون کا غلط طریقے سے استعمال صارف کے احساسات کو مزید بدتر کرنے کا سبب قرار، بہت زیادہ ڈوم سکرالنگ مزید ڈپریشن میں دھکیلنے لگا۔
یونیورسٹی کالج لندن ( یو سی ایل) میں حال ہی میں کی جانے والی تحقیق میں سائنس دانوں پر انکشاف ہوا کہ اسمارٹ فون کا غلط طریقے سے استعمال صارف کے احساسات کو مزید بدتر کر رہا ہے۔
ڈوم سکرالنگ عموما تب پیش آتا ہے جب صارفین بہت وقت تک منفی اور ناخوشگوار مواد دیکھنے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ جرنل نیچر ہیومن بیہیویئر میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وہ افراد جن کی ذہنی صحت بدتر تھی وہ زیادہ تر آن لائن منفی کانٹینٹ پڑھنے میں ملوث پائے گئے۔
حال ہی میں سائنس دانوں کی جانب سے کی جانے والی اس تحقیق میں متعدد تجربات کیے گئے جن میں 1000 افراد شامل تھے۔ ان افراد کو مختلف نفسیاتی آزمائشوں سے گزارا گیا اور بعد میں ان سے 30 منٹ تک انٹرنیٹ براز بھی کرایا گیا اور پھر ان سے ان کی ہسٹری لے لی گئی۔
اس کے بعد محققین نے سرچ ہسٹری میں موجود ویب سائٹس پر استعمال کی گئی زبانوں کا تجزیہ کیا تو اس سے یہ بات سامنے آئی کہ وہ افراد جن کی ذہنی صحت خراب تھی انہوں نے منفی کانٹینٹ زیادہ دیکھا تھا۔
اس کے بعد مزید ٹیسٹ کے دوران سائنس دانوں نے ان افراد کی ویب سائٹس تبدیل کیں تاکہ یہ جانا جا سکے کہ یہ طرز علت تھا یا معلول تھا، اس دوران محققین کو معلوم ہوا کہ اس میں دونوں عناصر موجود تھے، اس کے ساتھ ہی یہ بات بھی سامنے آئی کہ جن لوگوں کو پڑھنے کے لئے زیادہ منفی مواد ملا تھا وہ ڈسٹرکٹیو اسپائرل میں زیادہ منفی مواد تلاش کرنے سے پہلے بدتر محسوس کر رہے تھے۔