اس نئے ٹیسٹ کو استعمال کرنے کے نتیجہ میں کسی بھی مائع میں بدلتے رنگ کے ساتھ بیکٹیریا کی تشخیص یقینی ہو جائے گی۔
حال ہی میں سائنس دانوں کی طرف سے ایک نیا ٹیسٹ وضع کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں کسی بھی مائع میں بدلتے رنگ کے ساتھ بیکٹیریا کی تشخیص ہو جائے گی۔
سائنس دانوں کے مطابق اس ٹیسٹ کے نتیجہ میں بیماری کا سبب بننے والے پیتھوجنز کی تصدیق اور بیماری کی تشخیص میں آسانی اور غذائوں کی حفاظت میں آسانی آئے گی۔
مک ماسٹر یونیورسٹی کے انجینئروں اور بائیو کیمسٹس کی طرف سے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک ایسا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جس میں بائیو جیل کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی مائع کے بیکٹیریا سے آلودہ ہونے کی تصدیق یقینی ہو جائے گی۔ اس ٹیسٹ میں ای کولی یا لِسٹیریا جیسی بیکٹیریا کی موجودگی میں مائع کا رنگ تبدیل ہو جائے گا۔
ٹیسٹ میں استعمال کئے جانے والے جیل میں ایسے غیر نقصان دہ بیکٹیریو فیجز کا استعمال ہوا ہے جو تلاب کے پانی، دودھ کے ڈبے یا پیشاب میں موجود بیکٹیریا ( چاہے کم مقدار میں ہوں ) کی نشاندہی کر سکیں گے۔
سائنس دانوں کے مطابق بیکٹیریو فیجز زمین پر زندگی کی سب سے عام قسم ہیں اس کے ساتھ ساتھ بیکٹیریو فیج کی ہر قسم، ایک قسم کا بیکٹیریا ختم کرنے کی خاصیت سے مزین ہے۔
اس کے علاوہ اس نئے طریقہ کار کو لیب میں کیے جانے والے ٹیسٹ ( جن کے نتیجے کے لیے دو دن لگ جاتے ہیں) کے مقابلے میں صرف چند گھنٹوں کا وقت درکار ہوتا ہے۔