فلسطین کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بربریت سے شہدا کی مجموعی تعداد 44 ہزار 363 ہو گئی۔
غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملے مسلسل جاری ہیں، مختلف مقامات پر تازہ اسرائیلی بربریت کے نتیجہ میں مزید 42 فلسطینی شہید اور 133 زخمی ہو گئے ہیں۔
اس سلسلے میں غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹر کی ایک رپورٹ کے مطابق طبی ماہرین نے بتایا کہ انہوں نے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں پر اسرائیلی حملے کے نتیجہ میں شہید ہونے والے 19 فلسطینیوں کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ مزید امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعہ کو شمالی غزہ میں بیت لاہیا میں ایک گھر پر اسرائیل کے فضائی حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید ہو گئے تھے جبکہ دیگر غزہ کی پٹی کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں ہونے والے حملوں میں شہید کیے گئے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اگرچہ جمعہ کو اسرائیلی فوج کی طرف سے کوئی تازہ بیان سامنے نہیں آیا تھا لیکن جمعرات کو کہا گیا تھا کہ اسرائیلی افواج نے غزہ کی پٹی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ پر ہونے والے اسرائیلی فوج کے ظالمانہ حملوں میں اب تک شہدا کی تعداد 44 ہزار 363 ہو چکی ہے۔