جو بھی امن خراب کرے اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے، وزیراعلی علی امین گنڈا پور کا کوہاٹ میں منعقدہ گرینڈ جرگے سے خطاب
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ، علاقے میں امن کے لیے وفاقی حکومت ایف سی کے پلاٹونز صوبے کو فراہم کرے۔
دورہ کوہاٹ میں کرم کے معاملے پر قائم گرینڈ جرگے کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی کہ علاقے میں جو بھی امن کو خراب کرے اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے۔
صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج علاقے میں امن کے لیے تعینات ہے، فوج، پولیس اور انتظامیہ مل کر علاقے میں پائیدار امن کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں، علاقے میں قائم تمام کے تمام مورچے بلا تفریق ختم کیے جائیں۔
وزیراعلی کے پی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ، علاقے میں امن کے لئے وفاقی حکومت ایف سی کے پلاٹونز فراہم کرے، گرینڈ جرگہ مکمل امن کے قیام تک علاقے میں رہے، صوبائی حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی، جو لوگ علاقے میں امن خراب کر رہے ہیں مقامی کمیونٹی ان کی نشاندہی کرے۔
فریقین کے درمیان نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لئے مقامی عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ جمع کیا جائے جبکہ سرحدی علاقے کے لوگوں کے پاس موجود اسلحہ بھی امانتا جمع کر لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی ہتھیار اٹھائے گا وہ دہشت گرد کہلائے گا، دہشت گردوں کا انجام جہنم ہے، علاقے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں، صوبائی حکومت ان بے گھر افراد کی باعزت واپسی یقینی بنائے گی۔