وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ایک ہزار یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ اس حوالے سے حتمی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے ملک بھر میں قائم یوٹیلیٹی سٹورز کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزارت صنعت و پیداوار نے سٹورز بند کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی حکومت کی طرف سے سٹورز بند کرنے کے فیصلے سے ملازمین میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہیں اپنی ملازمتوں لے لالے پڑ گئے ہیں۔
دوسری طرف سے وزیراعظم شہباز شریف اور وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے منظوری دئیے جانے کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور سمیت دیگر شہروں سے 400 سے زائد سٹورز بند کر دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر ملک بھر میں 4 ہزار 800 سٹورز میں سے نقصان والے سٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مالی مشکلات کے باعث سٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ کارپوریشن کو پہنچنے والے نقصان پر قابو پانے کے لئے کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات کی وجہ سے سٹورز کے ملازمین کو گزشتہ ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔