اقوام متحدہ جنرل اسمبلی

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے بڑا مطالبہ

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے نکلنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے بھی قرارداد منظور کر لی۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنرل اسمبلی نے 8 کے مقابلے میں 157 ووٹوں کے ایک بڑے مارجن کے ساتھ قرارداد منظور کی ہے، امریکا اور اسرائیل نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ 7 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور وہ غیر جانبدار رہے۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور آزاد ریاست کے حق کو بھی تسلیم کرتے ہوئے مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور غزہ پٹی پر اسرائیل کے قبضے کو ناجائز قرار دے دیا۔

جنرل اسمبلی اجلاس کی منظور کردہ قرارداد میں عالمی قوانین کے تحت مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ 1967 کی سرحدی تقسیم کے مطابق دو ریاستی حل کا مطلب ہے کہ دونوں ریاستیں ایک دوسرے کے ساتھ امن و امان کے ساتھ رہیں۔

اس اجلاس کے دوران جون 2025 میں نیو یارک میں فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں سفارتی کوششوں کے ذریعے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اعلی سطح کی بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اسرائیل کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں