راولپنڈی کے سینٹرل جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے توشہ خانہ کیس ٹو میں عمران خان کی اہلیہ کی مسلسل غیر حاضری پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی خارج کر دی۔
اس موقع پر عدالت نے بشریٰ بی بی کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے شورٹی بانڈز کیوں نہ ضبط کر لئے جائیں۔
اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند کے روبرو بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کے موقع پر پبلک پراسیکیوٹر سید ذولفقار عباس نقوی بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔
اس سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جبکہ اس کی اہلیہ کی مسلسل 10 سماعتوں میں غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں عدالت نے سابق خاتون اول کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں ان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ضامن اگلی سماعت پر عدالت حاضر ہوں۔
خیال رہے کہ آج ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں ایف آئی اے کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر بشری بی بی کو نوٹس جاری کیا تھا۔