چیمپیئنز ٹرافی معاملہ کے حوالے سے ہونے والی آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ پھر ملتوی ہو گئی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اجلاس کیلئے دبئی پہنچے تھے۔
ذرائع کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی معاملہ پر آئی سی سی کا اجلاس اب 7 دسمبر کو ہو گا اور یہ اس وقت ہو گا جب انڈیا پاکستان کے موقف پر اپنا جواب دیدے گا، بھارتی بورڈ کی جانب سے جواب نہ ملنے کے سبب آج کا اجلاس ملتوی کیا گیا۔
آئی سی سی کے نئے سربراہ جے شاہ کی جانب سے اگرچہ اجلاس کو تعارفی قرار دیا جا رہا تھا، تاہم قوی امکان تھا کہ اس موقع پر چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے مختلف معاملات زیر بحث آئیں گے جبکہ میٹنگ میں شیڈول سمیت دیگر امور کے حوالے سے اہم ترین فیصلے بھی متوقع تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی بورڈ کی اس میٹنگ میں ایونٹ کے معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی تاہم حیران کن طور پر ایجنڈے میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان سے انکار کا معاملہ شامل نہیں تھا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کے بجائے چیمپئنز ٹرافی ٹونیشن فارمولا دیا ہوا ہے۔
ایک بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان نے نیوٹرل وینیو پر بھارت سے 3 ملکی سیریز کھیلنے کی شرط بھی عائد کی ہے جبکہ بھارت سہہ فریقی سیریز کرانے کا مطالبہ منظور نہیں کرے گا، بورڈ ممبرز کی اکثریت چیمپئینز ٹرافی ٹو نیشن فارمولا کرانے پر متفق ہو جائے گی۔