جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر کے 12 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
گوجرانوالہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نوازنے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں درج مقدمہ گوجرانوالہ کی جوڈیشل عدالت میں زیر سماعت ہے، مقدمہ 16 اکتوبر 2020 کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے روز درج ہوا تھا۔
پولیس کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر میں کنٹینر ہٹانے اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اس مقدمے میں خرم دستگیر، عمران خالد اور سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جبکہ پولیس نے ثنا اللہ سے متعلق مقدمے کا چالان تاخیر سے جمع کرایا تھا، تاہم پولیس نے ان کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے 173 کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا رکھی ہے۔
عدالت نے پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے رانا ثنا کو طلب کیا تھا، عدالت کے طلب کرنے کے باوجود وہ مسلسل غیر حاضر رہے، جس پر اب ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ہیں۔