حالیہ تحقیق کے مطابق الٹرا پروسیسڈ غذائیں زانوں پر چکنائی کے جمع ہونے کی اہم وجہ قرار، اس بات سے قطع نظر کہ کتنی مقدار میں کیلوریز لی گئی ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق زانوں کے پٹھوں میں چکنائی کی زیادہ مقدار گھٹنوں میں آسٹیو آرتھرائٹس کے خطرات میں اضافے کا سبب بنتی ہے جبکہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں ( جیسے کے ناشتے میں کھایا جانے والا سیریل اور تیار شدہ کھانے ) زانوں پر چکنائی کے جمع ہونے سے تعلق رکھتی ہیں۔
حال ہی میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان فرانسسکو میں کی جانے والی تحقیق میں یہ حقائق سامنے آئے ہیں کہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں پٹھوں کے معیار کو ورزش کرنے کے باوجود متاثر کر سکتی ہیں۔
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ زانوں کے پٹھوں میں چکنائی کی زیادہ مقدار گھٹنوں میں آسٹیو آرتھرائٹس کے خطرات میں اضافہ کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان فرانسسکو کے ریڈیو لوجی ڈیپارٹمنٹ کی محقق اور تحقیق کی مصنفہ زہرا اکایا کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے منفرد ہونے کی اہم وجہ اس میں ڈائٹ کے معیار کے اثرات کی تحقیق ہے، بالخصوص زانوں کے پٹھوں میں چکنائی سے متعلقہ ان غذائوں کا کردار ہے جس کا ایم آر آئی کے ذریعے معائنہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی ایمیجنگ تحقیق ہے جس میں ایم آر آئی پر مبنی اسکیلیٹل مسل کوالٹی اور غذا کے معیار کے درمیان تعلق کو دیکھا گیا۔
ایسی الٹرا پروسیسڈ غذائیں جن میں فروزن پیزا، سوڈا ڈرنکس اور مارجرین وغیرہ شامل ہوتے ہیں وہ طویل میعاد رکھنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو اپنی جانب کھینچ لیتی ہیں، کیوں کہ ان کا استعمال بہت زیادہ آسان ہوتا ہے۔ ان تمام غذائوں میں چینی، چکنائی، نمک اور کاربوہائیڈریٹس کا مرکب بڑی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔