پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک بار پھر زبردست تیزی کا رجحان رہا، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 11ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا۔
گزشتہ روز بھی زبردست تیزی کے نتیجے میں انڈیکس 109970.38 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا، کاروباری ہفتے کے دوسرے دن بازار حصص میں 882 پوائنٹس کی ریکارڈ ساز تیزی کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا۔
جس کے نتیجہ میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس کی نئی تاریخ ساز سطح عبور کرتے ہوئے 110852 پوائنٹس کی سطح تک جا پہنچا۔
اس کے بعد مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے باعث 1753 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ انڈیکس کی ایک لاکھ 10 ہزار اور ایک لاکھ 11 ہزار کی 2 نئی تاریخ ساز سطحیں بھی رقم ہوئیں اور کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 111723 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح تک جا پہنچا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے پی ایس ایکس 100 انڈیکس کی بلند ترین سطحوں کو چھو چکا ہے اور اس دوران کئی نئے ریکارڈز بھی بننے ہیں۔
ملک میں مثبت معاشی اشاریوں، نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں نمایاں کمی، انفلوز میں بہتری اور اصلاحات پروگرام پر عمل درآمد جاری رہنے سے معیشت درست پر گامزن ہونے جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز بھی انڈیکس ایک لاکھ 9 ہزار 500 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح تک جا پہنچا تھا۔
پیر کے روز کاروبار کے اختتام تک زبردست تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس 916.44 پوائنٹس کے اضافے سے 109970.38پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا اور یہ تیزی منگل کے روز بھی برقرار رہی۔