امید ہے کہ یورپی یونین کے بعد اب برطانیہ کی لیے پی آئی اے پروازیں مارچ سے شروع ہو جائیں گی، ڈی جی سول ایوی ایشن
ڈی جی سول ایوی ایشن نادر شفیع ڈار کی طرف سے یورپی یونین کے بعد برطانیہ کے لیے بھی پی آئی اے پروازیں بحال ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کا وفد اگلے ماہ پاکستان آ رہا ہے اور رواں ماہ دسمبر کے تیسرے ہفتے میں بھی ایک آن لائن میٹنگ شیڈول ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے جنوری میں برطانوی دورہ شیڈول ہے اور دورے سے واپسی پر چند ہفتوں میں برطانیہ کے لیے پروازیں بھی کھلنے کی پوری امید ہے، ہمیں توقع ہے کہ برطانیہ کی لیے پروازیں مارچ سے شروع ہو جائیں گی۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ یورپی یونین نے جو ہماری ویلیویشن کی ہیں اس ہی لائن پر برطانوی بھی ہماری اسسمنٹ کریں گے۔ یورپی یونین میں ہمارے بہت اچھے نتائج ہیں اور امید ہے کہ جلد برطانیہ کی پروازیں بھی شروع ہو جائیں گی۔
ترجمان پی ائی اے کے مطابق پاکستان سے برطانیہ کے لیے ہفتہ وار 21 پروازیں چلائی جاتی تھیں، لندن کے لیے 10 پروازیں جبکہ مانچسٹر کے لیے 9 اور برمنگھم کے لیے 2 پروازیں چلائی جاتی تھیں۔
یہ بھی واضح رہے کہ یورپ اور برطانیہ کی پروازیں کھلنے سے قومی ایئر لائن کے ریونیو میں زبردست اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔