کینو موسم سرما میں کا ایک انتہائی مزیدار پھل ہے جبکہ کینو کے چھلکے بھی اسکن کیئر سمیت کئی طریقوں سے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔
کینو کی رسیلی مٹھاس کی وجہ سے بچے اور بڑے خوب شوق سے کھاتے ہیں۔ موسم سرما میں اس پھل کو کھانے کے بے شمار فوائد ہیں، ان میں موجود وٹامن سی سے جسم کو توانائی ملتی ہے تاہم اکثر لوگ اس کے چھلکوں کو پھینک دیتے ہیں حالانکہ چھلکے بھی اپنے اندر بے پناہ فوائد رکھتے ہیں۔
آپ کینو کے چھلکوں کو کلینر سے لے کر چہرے کے اسکرب تک کئی طریقوں سے استعمال میں لا سکتے ہیں، گھر میں کینو کے چھلکے استعمال کرنے کے 6 انتہائی آسان طریقے درجہ ذیل ہیں۔
قدرتی ایئر فریشنر۔
آپ اس کے چھلکوں کو دار چینی اور لونگ کے ساتھ پانی میں ابالیں، اس کے نتیجہ میں چند منٹوں کے اندر آپ کا گھر خوشبو سے مہک جائے گا۔ مہمانوں کے آنے سے پہلے اس ترکیب کو آزمایا جا سکتا ہے۔
چہرے کی خوبصورتی۔
کچھ چھلکے خشک کر کے باریک پیس کر شہد یا دہی کے ساتھ ملا کر اس سے اپنی جلد کو صاف کریں۔ یہ جلد کے مردہ خلیوں کو ہٹا کر اسے تازہ اور چمکدار بنا دیں گے، ان چھلکوں سے آپ دانتوں کو بھی چمکا سکتے ہیں۔
چھلکوں کا قہوہ۔
مالٹے کے سوکھے ہوئے چھلکوں کو گرم پانی میں ادرک اور شہد کے ساتھ ملا کر پینے جائے تو یہ اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی سے بھرپور ہونے کی وجہ سے سردیوں کے فلو میں مبتلا افراد کیلئے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
ماحول دوست کلینر۔
ان چھلکوں سے ماحول دوست کلینر بھی بنایا جا سکتا ہے، اس کے لئے مالٹے کے چھلکوں کو سرکہ میں دو ہفتوں تک بھگونے کے بعد اسے اسپرے کی بوتل میں چھان لیا جائے تو یہ قدرتی کلینر چکنائی کو دور کرنے، داغوں سے نمٹنے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے، اس سے کچن کانٹرز، شیشوں یا باتھ روم کی صفائی بھی کی جا سکتی ہے۔
الماری اور نہانے میں استعمال۔
کینو کے چھلکے ابال کر نہانے والے پانی میں شامل کر لیں تو اس سے جسم سے خوشبو آنے کے ساتھ ساتھ جلد تروتازہ، موسمی الرجیز اور انفیکشن سے پاک رہتی ہے۔ کپڑوں سے بدبو دور کرنے کے لئے چھلکے کاٹ کر خشک کر کے الماری میں رکھنے سے کپڑوں میں سے خوشبو آنا شروع ہو جائے گی۔
بہترین کھاد۔
ان چھلکوں سے گارڈن کیلئے بہترین کھاد بھی بنائی جا سکتی ہے۔ کھاد میں شامل کرنے سے پہلے چھلکوں کو باریک ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ ان میں موجود تیزابیت نامیاتی مادے کو تیزی سے توڑتی ہے جس سے کھاد پودوں کیلئے زیادہ صحت مند بن جاتی ہے۔