بہت سے لوگ دن میں کم از کم ایک یا دو کپ کافی ضرور پیتے ہیں، کیا آپ جانتے ہیں کہ کافی پینے کے فوائد میں عمر میں اضافہ بھی شامل ہے۔
عام طور پر طبی سفارشات میں صحت مند بڑھاپے کے لئے کافی کے کردار کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے، اس کے باوجود ہم میں سے بہت سے لوگ دن میں کم از کم ایک یا دو کپ کافی سے ضرور لطف اٹھاتے ہیں تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ لطف اندوزی آپ کی عمر میں بھی اضافہ کرتی ہے۔
حال ہی میں ایک نئی تحقیق میں اس بات کے ثبوت بھی سامنے آ گئے ہیں کہ کافی جہاں دیگر فوائد رکھتی ہے وہیں اس کے ساتھ ساتھ یہ ممکنہ طور پر طویل صحت مند زندگی گزارنے کا امکان بھی دیتی ہے۔
پرتگال کی کوئمبرا یونیورسٹی کی ٹیم نے یورپ، امریکا، آسٹریلیا اور ایشیا کے شرکا پر مشتمل 85 مطالعات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے ذریعے شرح اموات اور صحت سے کافی کے تعلق کا تجزیہ کیا گیا۔
اس تجزیے سے مجموعی طور پر پتہ چلا کہ روزانہ تقریبا تین کپ کافی پینا اوسطا فرد کی 1.84 سال کی اضافی عمر سے منسلک ہو سکتا ہے جبکہ کافی کا باقاعدہ استعمال صحت میں بہتری اور سنگین بیماریوں سے محفوظ زندگی گزارنے کا امکان بڑھا دیتا ہے۔
کوئمبرا یونیورسٹی کے نیورو سائنسدان روڈریگو کا کہنا ہے کہ روایتی طبی سفارشات میں بعض اوقات صحت مند بڑھاپے کیلئے کافی پینے کے فوائد کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ ہمارا یہ تازہ جائزہ اس کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر باقاعدگی کے ساتھ کافی کا معتدل استعمال کیا جائے تو اس سے حیاتیاتی میکانزم کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے جو کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ کمزور ہوتا جاتا ہے۔