حال ہی میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق کم عمر افراد کے باول کینسر میں مبتلا ہونے کے کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
محققین کے مطابق اس انتہائی مہک بیماری میں اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ انگلینڈ کے کم عمر افراد متاثر ہو رہے ہیں، انگلینڈ میں باول کینسر میں مبتلا ہونے کے کیسز میں تیزی کے ساتھ ہونے والا اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
تحقیق کے مطابق انگلینڈ میں یہ بیماری دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے یعنی 25 سے 49 برس کے درمیان لوگوں میں باول کینسر کی ابتدائی علامات عالمی سطح تو بڑھ ہی رہی ہیں لیکن انگلینڈ ایک ایسے ملک کے طور پر سامنے آیا ہے جہاں یہ اضافہ سب سے زیادہ اوسطا 3.6 فیصد فی برس کے حساب سے جاری ہے۔
دنیا بھر میں یہ جانکاری حاصل کرنے کے لیے کہ نوجوان باول کینسر کا شکار کیوں ہو رہے ہیں، مطالعے کیے جا رہے ہیں لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ اس میں سب سے اہم کردار خراب غذا، زیادہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں، مٹاپہ اور ورزش میں کمی کا سامنے آ رہا ہے۔
کینسر ریسرچ یو کے کے چیف ایگزیکٹیو مشیل مچل کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کی گئی یہ تحقیق بتاتی ہے کہ باول کینسر کی ابتدائی علامات کی شرح میں اضافہ جو کہ 25 سے 49 برس کے افراد کو متاثر کر رہی ہیں ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔
یہاں یہ بات سب سے زیادہ تشویش ناک ہے کہ اس تحقیق میں پہلی بار دیگر ممالک کے مقابلے میں انگلینڈ میں تیزی سے بڑھنے والی شرح پہلی بار سامنے آئی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی عمر میں کینسر کی تشخیص مریضوں اور ان کے خاندانوں کے لیے پریشان کن ہوتی ہے، ہمیں اس وقت یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ نوجوانوں میں اس رجحان کا سبب آخر کیا ہے۔