میں نے کہا تھا کہ وی پی این بلاک کر سکتے ہیں لیکن کریں گے نہیں، موبائل فون نمبر پر بھی وی پی این رجسٹریشن کی اجازت دیدی، چیئرمین پی ٹی اے
چیئرمین پی ٹی اے لیفٹیننٹ جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ آج تک کوئی وی پی این بلاک نہیں کیا گیا، اس سلسلے میں اسمبلی میں میں نے کہا تھا ہم وی پی این کو بلاک کر سکتے ہیں لیکن ہم نہیں کریں گے، اب موبائل فون نمبر پر بھی اس کی رجسٹریشن کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے اپنی سالانہ ڈیجیٹل رپورٹ بھی پیش کر دی جو کہ ڈی جی کمرشل عارف سرگانہ نے پریس بریفنگ کے دوران پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اکنامک چیلنجز کے باوجود ٹیلی کام سیکٹر میں 17فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے ہم دنیا کے بہترین 40 ممالک کی فہرست میں شامل ہیں جبکہ ڈیجیٹل انکلوژن میں خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اس موقع پر مزید کہا کہ اس وقت ملک میں رجسٹرڈ VPNکی تعداد 33ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، عدالتی احکامات پر یا حکومتی ہدایات پر سروسز بلاک کرتے ہیں جو رجسٹرڈ ہو جاتا ہے اسے کسی قسم کی پرابلم نہیں آتی، فکس لائن پر ڈیٹا سروسز بند نہیں کی جاتیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری صرف ٹیلی کام سیکٹر میں ہی کم نہیں رہی بلکہ مجموعی طور پر معیشت میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کم ریکارڈ ہوئی ہے۔ پی ٹی اے کے کوالٹی سروے میں جن کمپنیوں کی ناقص سروس ہوتی ہے انہیں جرمانے کیے جاتے ہیں، اب تک چھ کروڑ اسی لاکھ روپے کے لگ بھگ جرمانے عائد کئے گئے البتہ ریکوری کم ہے۔
ہم اب عام صارفین کیلئے وی پی این سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بھی رجسٹرڈ کرنے جا رہے ہیں، جو کمپنی رجسٹرڈ ہونا چاہیے گی تو رجسٹریشن کی جائے گی، اگر یہ کمپنیاں رجسٹرڈ ہو جاتی ہیں تو ہر صارف ان رجسٹرڈ کمپنیوں کے وی پی این استعمال کر سکے گا۔