جی ایچ کیو حملہ

جی ایچ کیو حملہ کیس: شاہ محمود، وزیراعلی گنڈاپور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد

شبلی فراز، شہریار آفریدی، کنول شوذب سمیت دیگر ملزمان شامل، اب تک کل 113 ملزمان پر جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور پیش ہوئے تو جج نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے۔ سماعت میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز سمیت دیگر درجنوں ملزمان بھی پیش ہوئے۔

اس موقع پر سانحہ 9مئی کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی، وزیراعلی علی امین گنڈا پور سمیت 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ بعدازاں کیس کی مزید سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

عدالت کی جانب سے شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی، کرنل شبیر اعوان، لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، شبلی فراز، کنوزل شوزب پر بھی فرد جرم عائد کی گئی، ملزمان نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کر دیا۔

ان کے علاوہ تیمور مسعود، سعد علی خان، فہد مسعود، راجہ ناصر محفوظ، سکندر زیب، زوہیب آفریدی پر بھی فرد جرم عائد کی گئی، اب تک جی ایچ کیو حملہ کیس میں مجموعی طور پر113 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔

وزیراعلی علی امین گنڈا پور، شہریار آفریدی اور کنول شوزب کی طرف سے 265 ڈی کی درخواستیں دائر کر دی گئیں، جن کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کل سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔

اس موقع پر وزیراعلی کے پی کے نے وکیل غلام حسنین سنبل کو 12 پلیڈر مقرر کر دیا اور وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے پر جج کا شکریہ بھی ادا کیا۔ کیس کی سماعت کے بعد وزیراعلیٰ کے پی کے نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں