ضلع کرم کی صورتحال پر کے پی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہوا، جس میں انتہائی اہم فیصلے کئے گئے۔
اس اہم ترین اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری کے پی، آئی جی اور متعلقہ کابینہ اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں کرم میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، کرم کی صورتحال پر شرکا کو بریفنگ دی گئی اور گرینڈ جرگے کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کو قیام امن کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے، صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کریں گے۔
اس موقع پر کے پی ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ضلع کرم میں تمام بنکرز کو ختم کر دیا جائے گا جبکہ علاقے میں لوگوں سے اسلحہ واپس لینے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ مستقبل میں ناخوشگوار واقعات پر کنٹرول کیا جا سکے۔
اجلاس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کر کے صوبے میں قیام امن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تھی جبکہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایوان وزیراعلی آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔
دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کو قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں پورا تعاون کریں گے، کرم میں قیام امن وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔