مدارس بل پر ترمیم

مدارس بل پر حکومت جے یو آئی مذاکرات کامیاب، نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے پر اتفاق

وزارت قانون مدارس بل کے معاملے کو حل کرنے کے لیے آئین اور قانون کے مطابق اقدامات کرے، وزیراعظم شہباز شریف

مدارس بل کے معاملے پر وزیراعظم ہائوس میں بڑی بیٹھک ہوئی، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان وزیراعظم سے ملنے وزیراعظم ہائوس پہنچے، مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضی، مولانا اسعد محمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور عطا تارڑ، رانا ثنااللہ، پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ بھی شریک ہوئے اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی موجود تھے۔

اس ملاقات میں مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم کے درمیان مدارس رجسٹریشن کی تجاویز پر مثبت پیش رفت ہوئی، وزیراعظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ وزارت قانون اس معاملے کو حل کرنے کے لیے آئین اور قانون کے مطابق اقدامات یقینی بنائے۔

دریں اثنا وزیراعظم ہائوس بیٹھک کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم سے مدارس کے بل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ہم نے کہا کہ بل پر جو صورتحال پیدا ہوئی اس پر حکومت فیصلہ کرے، امید ہے ہمارا مطالبہ مانا جائے گا، ایک دو روز میں خوش خبری ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر نے بل پر جو اعتراض کرنا تھا وہ پہلے ہی آ چکا، اعتراض پر اسپیکر کا جواب آنے اور آئینی مدت گزرنے کے بعد ایک اور اعتراض نہیں بنتا، مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بل ایکٹ بن چکا ہے اس کا نوٹی فکیشن جاری کیا جانا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں