پی ٹی آئی سے مذاکرات

وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔
گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔
بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز مانتے ہوئے حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے
اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔
قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مذاکرات کے حوالے سے متحرک کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
بیرسٹر گوہر کی عدالت کے باہر گفتگو پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بطور کسٹوڈین آف دی ہاﺅس کردار کو تسلیم کیا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے اسپیکر کو مذاکرات کے حوالے سے فعال طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی،
میں اُن کی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز کو تسلیم کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کے جواب میں وزیراعظم پاکستان سے حکومت کی مذاکراتی ٹیم تشکیل کرنے کی استدعا کر دی ہے،
ہم معاملات کو حل کرنا چاہتے ہیں تاکہ سیاسی عدم استحکام ختم ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں