راولپنڈی: ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد اور اُن کے سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں میں ملوث افراد، اُن کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے آج جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا
جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کیخلاف جاری کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کے مقابلے میں ان کی غیر متزلزل لچک و ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی سے نبردآزما جوانوں پر فخر ہے، شہداء پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ قوم کی پرعزم حمایت پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انشا اللہ! دہشت گردی اور انتہا پسندی اور اس کی تمام شکلوں کو ختم کیا جائے گا
جس کے لیے ہم پُرعزم ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، لچک اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے۔
آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا
اور کہا کہ ان کی بہادری اور بے لوث لگن پورے ملک کے لیے قابل فخر ہے۔
آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا
انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف ان کی مذموم سرگرمیوں، سہولت کار کے ساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت کرنے والوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔
قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔