سیکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن، 13 خوارجی ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 13 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا
کہ 24 اور 25 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، اپریشن کے نتیجے میں 13 خوارج جہنم واصل ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے،
علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔