کوہاٹ میں کرم معاملہ پر جاری گرینڈ جرگہ ختم ہو گیا، فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے، جس میں 14 نکات پر اتفاق رائے ہوا۔
کرم معاملہ پر کوہاٹ گرینڈ جرگے میں فریقین کی طرف سے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے، جس کے بعد ضلع کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگہ ختم ہو گیا ہے اور فریقین کی طرف سے امن معاہدے میں 14نکات پر اتفاق رائے کیا گیا ہے۔
جرگہ کے رکن ملک ثواب خان نے تصدیق کی ہے کہ امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، فریقین کی جانب سے45 ،45 افراد نے دستخط کیے ہیں، معاہدے کے تحت فریقین کے درمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، تمام فریقین مورچے ختم کرتے ہوئے اسلحہ بھی جمع کرائیں گے۔
جرگہ رکن کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ راستے کھولنے اور قیام امن کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔
علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ دوسری جانب معاہدے کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دے دیا جائے گا۔