لوئر کرم

لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ، ڈپٹی کمشنر سمیت 5 افراد زخمی

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ نامعلوم افراد نے کی۔

امن کوششوں کو دھچکا لگ گیا، لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کے مطابق کرم بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے، جاوید اللہ محسود کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، شرپسند عناصر نے فائرنگ کر کے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھنانی حرکت کی، دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

گورنر خیبر پخونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ امدادی قافلے پر فائرنگ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا ثبوت ہے، ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں