حکومت اور تحریک انصاف

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے مذاکرات تعطل کا شکار

پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری طور پر مطالبات نہ دینے پر حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہوئے ہیں، ذرائع

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے مذاکرات اس وقت تعطل کا شکار ہو گئے ہیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے تحریری طور پر مطالبات نہ دینے پر مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہوئے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے سے گریزاں ہیں، مذاکرات کا تیسرا دور کب ہو گا، ابھی اس حوال سے کسی کو بھی کچھ معلوم نہیں۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ میٹنگز میں ہونے والی ہماری باتوں کو ہی تحریری مطالبات سمجھا جائے، کسی صورت مذاکراتی عمل کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، حکومتی کمیٹی اصل فیصلہ سازوں اور سٹیک ہولڈرز کو بھی آن بورڈ لے تو بہتر ہو گا۔

اس حوالے سے دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مطالبات تحریری طور پرپیش نہیں ہوتے تو مذاکرات مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں، پی ٹی آئی نے دونوں میٹنگز میں تحریری مطالبات دینے کا وعدہ کیا تھا۔

اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف تحریری چارٹر آف ڈیمانڈ کا فیصلہ کرے گی، چارٹر ماننے کی صورت میں تحریک انصاف کو حکومت سے تحریری معاہدہ بھی کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں