تبت اور نیپال

تبت اور نیپال میں زلزلہ، متعدد عمارتیں زمین بوس، ہلاکتوں کی تعداد 100 سے متجاوز

چین کے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر چین، تبت اور نیپال میں زلزلہ آیا، زلزلے کے باعث متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے باعث متعدد عمارتیں گر گئیں، تبت اور نیپال میں زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کئے گئے جبکہ زلزلے کے باعث 100 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

اس حوالے سے چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق چین میں زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی 10 کلو میٹر بتائی جا رہی ہے، جبکہ زلزلے کا مرکز تبت کا علاقہ ڈنگری تھا۔ چینی میڈیا کے مطابق اس خطے میں 5 سال کے دوران آنے والا یہ سب سے خطرناک زلزلہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بھی عمارتیں بری طرح لرز گئیں اور کھٹمنڈو میں زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی ریاست بہار میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.1 رہی، بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 6 بج کر 40 منٹ پر آیا جس کی شدت سے 5 سے 6 سیکنڈز تک عمارتیں لرزتی رہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ زلزلے کے بعد ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں