خیبر پختونخوا میں فورسز

خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں 19 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید

پشاور: خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں 19 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 19 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 6 اور 7 جنوری کو خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ کارروائیوں میں 19 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پرسیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع پشاور کے علاقے متنی میں آپریشن کیا گیا
اور اس دوران سیکیورٹی فورسزنے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے شہری علاقے بائیزئی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور کارروائی کی اور دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بائیزئی میں کی گئی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع کرک میں تیسری کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج جہنم واصل ہوئے۔
بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین بہادر بیٹے گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ لانس حوالدارعباس علی، ضلع سکردو سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ نائیک محمد نذیر، خیبرپختونخوا کے ضلع اٹک کے رہائشی 37 سالہ نائیک محمد عثمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں