کرم میں امن معاہدہ کے تحت بنکرز تباہ کرنے کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے اپر اور لوئر کرم کے حکام کو خط لکھ دئیے۔
ضلع کرم میں قیام امن کیلئے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کرم میں امن معاہدہ کے تحت بنکرز تباہ کرنے کا پہلا مرحلہ آج سے شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے اپر اور لوئر کرم کے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایکسیئن کو ہدایات جاری کر دیں۔ ان کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بنکرز کے خاتمے کیلئے ضروری مشینری کا بندوست کیا جائے، بنکرز کے خاتمے کے وقت ایکسیئن کی موجودگی ضروری ہے۔
اس حوالے سے کوہاٹ معاہدے کے تحت بنکرز کو مسمار کرنے کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے اپر اور لوئر کرم کے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بنکرز بالش خیل اور کر کلی میں تباہ کئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں کرم میں کشیدگی کے باعث ٹل سے پاراچنار تک شاہراہ تاحال بند ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں، سامان سے لدا گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ٹل سے پاراچنار کی جانب روانہ ہونے کے انتظار میں کھڑا ہے۔
مظاہرین کی طرف سے لوئر کرم کے علاقے مندوری میں جاری دھرنے کی وجہ سے راستے مسلسل بند ہیں۔دھرنا دینے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور کئے جانے تک راستہ نہیں کھولا جائے گا۔
استے بند ہونے کی وجہ سے روز مرہ استعمال کی اشیا نہ ملنے کے باعث شہریوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ان کے لئے معمولات زندگی جاری رکھنا مشکل ترین ہوتا جا رہا ہے۔