عمران خان اور بشری

عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پانڈز کیس کا فیصلہ تیسری بار موخر

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پانڈز ریفرنس کا فیصلہ اب 17 جنوری کو سنایا جائے گا.

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی، ملزمان کے وکلا تاخیر سے عدالت پہنچے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی بھی عدالت پیش نہ ہوئیں جس پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 2 مرتبہ پیغام بھجوایا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

بشری بی بی کوآج فیصلہ سنائے جانے کاعلم تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں، فیصلہ بالکل تیار اور دستخط شدہ میرے پاس ہے۔

پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے جج نے کہا کہ 6 جنوری کو میں ٹریننگ پر تھا اس لیے فیصلہ نہیں سنا سکا، ملزمان کو سماعت کے دوران متعدد مواقع فراہم کئے گئے، دیگر مقدمات کی بھی سماعت کرنی ہے زیادہ انتظار نہیں کر سکتا۔

اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی، 190 ملین پانڈز ریفرنس کا فیصلہ اب 17 جنوری بروز جمعہ کو سنایا جائے گا۔یہ خیال رہے کہ 190 ملین پانڈز ریفرنس کا فیصلہ تیسری بار موخر کیا گیا ہے۔

احتساب عدالت نے فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا، احتساب عدالت نے فیصلہ سنانے کیلئے پہلے 23 دسمبر اور اس کے بعد 6 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی پھر تیسری بار 13 جنوری کی تاریخ دی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں