پاکستان میں پولیو

پاکستان میں پولیو کا 70واں کیس اہم ترین شہر میں سامنے آنا لمحہ فکریہ

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پولیو کا 70واں کیس سامنے آیا ہے اور اس بار متاثرہ بچے کا تعلق اہم ترین شہر کراچی سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی سے پولیو کا یہ دوسرا کیس رپورٹ ہوا ہے، کراچی ایسٹ سے تعلق رکھنے والے بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 کی تصدیق ہوئی ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد گزشتہ سال 2024 کے دوران پاکستان میں موذی مرض پولیو کے سامنے آنے والے کیسز کی کل تعداد 70 ہو گئی ہے۔

اس حوالے سے قومی ادارہ برائے صحت کے حکام کے مطابق اس کیس پر 21 دسمبر کو کام شروع ہوا تھا، جس کے بعد متاثرہ بچے کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے اور اب ان ٹیسٹوں کی سامنے آنے والی رپورٹ میں بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

قومی ادارہ برائے صحت کے حکام کے مطابق کراچی ایسٹ میں اب 2024 میں پولیو کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس طرح پاکستان بھر میں گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر پولیو کے کل 70 کیسز رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ سال پاکستان میں رپورٹ ہونے والے پولیو کے کیسز میں سے 27 بلوچستان، 21 خیبر پختونخوا، 20 سندھ اور پنجاب و اسلام آباد سے 1، 1 کیس سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سے اس موذی وائرس کے خاتمے کے لئے بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کے قطرے پلانے کی مہم بھی تسلسل کے ساتھ چلائی جا رہی ہے.

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں